COVID-19 کے بعد | After you have had COVID-19
COVID-19 سے صحت یاب ہو جانے اور سیلف آئسولیشن سے باہر آنے کے بعد آپ کو کچھ چیزیں کرنی چاہئیں اور اپنی صحتیابی پر نظر رکھنی چاہئے۔
معمول کی سرگرمیوں کی طرف لوٹنا
COVID-19 سے صحت یاب ہونے کے دوران، ہو سکتا ہے کہ آپ یہ محسوس کریں کہ آپ آسانی سے تھک جاتے ہیں یا آپ کو سانس چڑھ جاتا ہے۔ بیماری کے بعد یہ عام صورتحال ہوتی ہے۔
اپنی معمول کی سرگرمیوں کی طرف لوٹنے کے دوران آپ کو اسے معمول کا حصہ سمجھنا چاہیے۔ یقینی بنائیں کہ آپ:
- کافی دیر سوئيں
- اچھا کھائيں
- ضرورت ہونے پر آرام کریں
- کاموں کی رفتار اتنی رکھیں جس سے آپ کو سہولت رہے۔
اگر آپ کو کوئی تشویش ہو تو آپ کو اپنے ڈاکٹر یا صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور سے بات کرنی چاہیے۔
کام پر واپسی
اگر آپ کی آئسولیشن کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی آپ میں علامات ہیں تو آپ کو گھر پر رہتے ہوئے صحت یاب ہونے کا عمل جاری رکھنا چاہیے۔ یہ سلسلہ آپ کی علامات کے خاتمے کے 24 گھنٹے بعد تک جاری رہنا چاہئے۔
آپ کو اپنے مینیجر یا سپروائزر سے کام پر واپسی کے مناسب وقت کے بارے میں بات کرنی چاہیے۔
سکول واپسی
اگر آپ یا آپ کے بچے کی آئسولیشن کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی آپ میں علامات ہیں تو آپ کو گھر پر رہتے ہوئے صحت یاب ہونے کا عمل جاری رکھنا چاہیے۔ یہ سلسلہ علامات کے خاتمے کے 24 گھنٹے بعد تک جاری رہنا چاہئے۔
اس کا اطلاق چھوٹے بچوں کی تعلیم، اسکولوں، kura اور ٹرشری تعلیم پر ہوتا ہے۔
آپ کو اسکول واپس جانے کے لیے منفی RAT یا PCR کا ثبوت فراہم کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
اگر COVID-19 کی علامات شروع ہوئے 10 دن سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور بچے اب مزید بیمار نہیں ہیں تو امکان ہے کہ وہ متعدی نہیں ہیں اور وہ اسکول واپس آ سکتے ہیں۔
اگر کوئی بچہ اب بھی بیمار محسوس کرتا ہے یا اس کی علامات 10 دن کے بعد بگڑ رہی ہیں تو اسے اسکول واپس نہیں جانا چاہیے۔ آپ کو اپنے ڈاکٹر سے بات کرنی چاہیے یا ہیلتھ لائن کو 0800 358 5453 پر کال کرنی چاہیے۔
ورزش دوبارہ شروع کرنا
بیماری کے دوران جب آپ زیادہ ورزش یا حرکت نہیں کرتے تو آپ کے جسم کو اپنی معمول کی ورزش کی سطح پر واپس آنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔
آپ کا ڈاکٹر یا صحت کی دیکھ بھال کرنے والا پیشہ ور آپ کی صورتحال کے مطابق آپ کو ورزش دوبارہ شروع کرنے کے طریقے کے بارے میں مزید مشورہ دے سکتا ہے۔ آپ Health Navigator ویب سائٹ پر ورزش دوبارہ شروع کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں:
COVID-19 کے بعد جسمانی سرگرمی اور ورزش کی جانب واپسی | healthnavigator.org.nz (external link)
سیلف آئسولیشن کے بعد اپنے گھر کی صفائی اور جراثیم کشی
COVID-19 اکثر اوقات کسی متاثرہ شخص کے ساتھ قریبی واسطے سے پھیلتا ہے، جب وہ کھانستا یا چھینکتا ہے۔ اگرچہ اس بات کا کم امکان ہے، مگر آپ کو اس وقت بھی انفیکشن ہو سکتا ہے جب آپ کسی آلودہ چیز یا سطح کو چھوتے ہیں اور پھر اپنے منہ، ناک یا آنکھوں کو چھوتے ہیں۔
وائرس سطحوں پر محدود وقت تک زندہ رہ سکتا ہے۔ لیکن اس میں ایک نازک بیرونی جھلی ہوتی ہے جس کی وجہ سے وائرس کو مؤثر صفائی اور جراثیم کشی کے ذریعے مارنا آسان ہے۔
جس جگہ پچھلے 24 گھنٹوں میں عمارت کے اندر COVID-19 کا تصدیق شدہ کیس سامنے آیا ہو وہاں سطحوں پر وائرس کے پائے جانے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ تمام سطحوں کو صاف اور جراثیم سے پاک کیا جانا چاہئے۔
اگر آپ کو COVID-19 کی نئی علامات پیش آئيں
پچھلے انفیکشن کے بعد 28 دن یا اس سے کم
اگر آپ پر COVID-19 کی علامات دوبارہ ظاہر ہوں اور پچھلے انفیکشن کے بعد 28 دن یا اس سے کم وقت (آپ کے مثبت ٹیسٹ والے دن سے یا آپ پر علامات ظاہر ہونے والے دن سے) ہوا ہو اور:
- آپ کو درپیش خطرہ کم ہو تو آپ کو دوسرا ٹیسٹ کروانے کی ضرورت نہیں ہے - گھر پر رہیں اور صحت یاب ہونے کا انتظار کریں، آپ کی علامات چلے جانے کے بعد 24 گھنٹوں تک
- آپ کو صحت کے پس پردہ مسائل ہيں یا آپ میں COVID-19 جیسی علامات ہیں جو بدتر ہو رہی ہیں تو آپ کو صحت کے ماہر سے یا 0800 358 5453 پر ہیلتھ لائن سے ہدایت لینی چاہیے۔
پچھلے انفیکشن کے بعد 29 یا زائد دن
اگر آپ پر COVID-19 کی علامات دوبارہ ظاہر ہوں اور پچھلے انفیکشن کو 29 دن یا اس سے زیادہ ہو چکے ہوں تو آپ کو RAT کرنا چاہیے۔ اگر یہ مثبت ہو تو آپ کو سیلف آئسولیشن میں رہنا چاہیے اور اسی مشورے پر عمل کرنا چاہیے جو آپ کے پہلے انفیکشن کے لیے تھا۔
اگر آپ کے ساتھ رہنے والے کسی شخص کو COVID-19 ہو جائے
ایک دفعہ جب آپ COVID-19 سے صحت یاب ہو جاتے ہیں تو 3 ماہ تک آپ کو اپنے ساتھ رہائش پذیر کسی شخص کا مثبت نتیجہ آنے کی صورت میں آئسولیشن کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ اس مدت کے دوران دوبارہ انفیکشن کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
طویل COVID
طویل COVID سے مراد وہ علامات ہیں جو COVID-19 کی ابتدائی علامات کے بعد جاری رہتی ہیں یا پیدا ہوتی ہیں۔ یہ عام طور پر کسی شخص کے پہلے انفیکشن کے بعد 12 ہفتوں سے زیادہ دورانیہ ہوتا ہے۔
زیادہ تر لوگ جن کو COVID-19 ہوتا ہے، وہ 2 سے 6 ہفتوں کے بعد مکمل طور پر ٹھیک ہو جاتے ہیں اور 12 ہفتوں کے اندر مکمل صحت یاب ہو جاتے ہیں۔ تاہم، کچھ لوگ صحت یابی کے معیاری وقت کے بعد بھی کئی مختلف طرح کی علامات رپورٹ کرتے ہیں۔
طویل COVID کی علامات ہفتوں یا بعض اوقات مہینوں تک برقرار رہ سکتی ہیں۔ ان میں یہ علامات شامل ہو سکتی ہیں:
- تھکاوٹ
- سانس کی تکلیف
- کھانسی
- گلے کی سوزش
- سینے کی جکڑن
- سینے کا درد
- توجہ مرکوز کرنے میں دشواری، حس ادراک کی خرابی یا 'دماغی دھند'
- سونے میں دشواری
- پن اور سوئیاں
- چکر آنا
- جوڑوں کا درد
- پٹھوں میں درد.
طویل COVID کے نظم وانتظام اور علاج میں مدد کے لیے اپنے ڈاکٹر یا ہیلتھ کیئر ٹیم سے مدد لیں۔ COVID-19 میں صحت کی دیکھ بھال کو آپ کی علامات کے پہلے دن سے یا آپ کے مثبت ٹیسٹ والے دن سے، جو بھی پہلے ہو، لے کر 6 ہفتوں تک مکمل طور پر فنڈ کیا جاتا ہے۔
آپ وزارت صحت کی ویب سائٹ پر طویل COVID کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں، بشمول زیادہ عام طور پر رپورٹ ہونے والی علامات:
طویلCOVID | health.govt.nz (external link)
اگر آپ نے ویکسین نہیں لگوائی تو ویکسین لگوائيں
ایک دفعہ صحتیاب ہونے کے بعد، اگر آپ کو ویکسین یا بوسٹر خوراک نہیں لگی، یہ تجویز دی جاتی ہے کہ آپ تب بھی ویکسین لگوا لیں۔
آپ کو صحت یاب ہونے کے بعد COVID-19 ویکسین لگوانے سے پہلے 3 ماہ انتظار کرنا چاہیے۔
Last updated: at